اردو انٹرنیشنل کا عالمی مشاعرہ رپورٹ تہمینہ راؤ:

سڈنی ۲۵ جون / اردو انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام ۲۰۲۵ کا سالانہ مشاعرہ سابقہ رویات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور خوبصورت تجربہ تھا- جسے شعروادب کا ذوق رکھنے والے سڈنی کے سامعین نے شاندار لفظوں میں خراج تحسین پیش کیا -آسٹریلیا کے سابق قونصل جنرل محمد اعظم کا کہنا تھا کہ اردو انٹرنیشل نے جس طرح مشاعرے کی روایات کو زندہ رکھا ہے اس کے نتیجے میں سڈنی کے شعرا کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئی ہیں ۔ ڈاکٹر اسرار خان کے مطابق اردو زبان کی ابدی خوبصورتی نے شاعری کا لباس پہن کر ایک جادوئی فضا قائم کر دی تھی۔سوک تھیٹر کے سامعین سے بھرے ہوئے ہال میں مشاعرہ نصف شب تک جاری رہا اور سامعین آخر تک بیٹھے مہمان اور مقامی شعرا کو سراہتے رہے۔
مشاعرے کی صدارت ہیوسٹن امریکہ سے آنے والے ممتاز شاعر اور اسکالر ڈاکٹر غضنفر ہاشمی نے کی جبکہ دنیا بھر میں اپنی شاعری کے لیے مشہور ہندستان سے آئے ہوئے شاعر خوشبیر سنگھ شاد مہمان خصوصی تھے ، ہندستان ہی سے آئے ہوئے شاعر نفس انبالوی اور میلبرن سے آئے ہوئے سینیر شاعر مصدق لاکھانی خاص مہمان تھے ۔
مشاعرے کی ابتدا میں اشرف شاد نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بتایا کہ اردو انٹر نیشنل آسٹریلیا مشاعرے کی تہذیبی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے ،اور اس کی بڑی وجہ وہ سامعین ہیں جو تیس سال سے ان مشاعروں میں باقاعدگی سے شرکت کر کے اسے کامیاب بناتے ہیں۔
فروغ زیدی نے مختصراً اردو انٹر نیشنل آسٹریلیا کے پچھلے گیارہ سالوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اردو انٹرنیشنل پندرہ سے زیادہ عالمی مشاعرے منعقد کر چکی ہے ،اور اس نے کووڈ کے زمانے میں بھی زوم پر آن لائن عالمی مشاعروں اور افسانے کی محفلوں کا سلسلہ جاری رکھا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ اردو انٹر نیشنل اب تک ستر سے زیادہ ماہانہ ادبی نشستیں بھی منعقد کر چکی ہے۔
انھوں نے شعر و ادب کا ذوق رکھنے والے سامعین کو تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ مشاعرے میں جناب انور گھانچی صاحب کو اوم کرشن راحت ایوراڑد سے نوازا گیا ۔مہمان شعرا کے علاوہ آسٹریلیا کے جن شعرا نے اپنا کلام سنایا ان میں
ڈاکٹر باقر رضا ، اشرف شاد ، ڈاکٹر شبیر حیدر،فروغ زیدی،ڈاکٹر یاسمین زیدی،ہما مرزا ،ڈاکٹر ئیاسمین شاد ،تہمینہ راؤ ،فرحت اقبال ،نوید علی خان ،ریحان علوی،جاویدنظر،شجاع عاطف،نسیم حیدر،نائلہ ہما،ڈاکٹر عدنان سید خواجہ حمید سالک اور ڈاکٹر کاشف بٹ شامل تھے جبکہ نظامت کے فرائض ہما مرزا اور یاسمین شاد نے انجام مشاعر کے اسپانسرز اور مہمانوں کو اردو انٹر نیشنل آسٹریلیا کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش گئیں اور تمام مہمانوں کی تواضع پُر تکلف طعام سے کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں