سندھ میں سیلابی خطرات برقرار، ایمرجنسی الرٹ جاری

کراچی(کنزیومرواچ نیوز)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلابی خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری ہے۔ ان کے مطابق دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کے بہاؤ میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14,430 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ اب تک 109,320 افراد کو محفوظ بنایا جا چکا ہے، مزید 346,000 سے زائد مویشی بھی منتقل کیے گئے ہیں۔ متاثرین کے لیے 169 میڈیکل کیمپ قائم ہیں جہاں اب تک 27,800 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ تمام ادارے الرٹ ہیں اور حکومت سندھ، پنجاب حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں