برمنگھم: شاہد خان آفریدی ایک دہاڑتے شیر کی مانند میدان میں کھڑے تھے جب بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا کرنے سے انکار کر کے میدان سے باہر جاتی دکھائی دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انڈیا چیمپئنز کے کئی اہم کھلاڑیوں نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپئنز کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے ایک بار پھر سیاسی تنازعے نے سر اٹھا لیا ہے اور شائقین کرکٹ کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔
اس سے قبل بھی انڈیا چیمپئنز گروپ مرحلے میں پاکستان چیمپئنز کے خلاف ایک میچ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ تاہم، ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے خلاف ایک زبردست کامیابی کے بعد وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے، اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر انگلینڈ چیمپئنز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انڈیا چیمپئنز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آئے، جس کا مطلب تھا کہ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ پاکستان چیمپئنز سے ہوگا، جنہوں نے پانچ میچوں میں نو پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
تاہم، جیسے ہی یہ مقابلہ طے ہوا، انڈیا چیمپئنز کے ممکنہ انکار کی خبریں ایک بار پھر اس بڑے ٹاکرے کو خطرے میں ڈالنے لگیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ایک بھارتی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کے کم از کم پانچ کھلاڑی، جن میں کپتان یوراج سنگھ، شیکھر دھون، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان شامل ہیں، سیاسی کشیدگی اور عوامی جذبات کے پیش نظر پاکستان کے خلاف کھیلنے کو تیار نہیں۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں شیکھر دھون نے ایک پریس کانفرنس میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ آسٹریلیا سے بھارت کی قریبی شکست کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر بھارت کا سیمی فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ہو تو کیا وہ شرکت کریں گے، تو دھون برہم نظر آئے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں جواب دیا:
“یہ سوال پوچھنے کا وقت اور جگہ درست نہیں۔ میں پہلے بھی نہیں کھیلا، اور اب بھی نہیں کھیلوں گا۔”