وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس، صحافیوں کا واک آؤٹ

اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں صحافیوں نے تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ ایف بی آر کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے پہلے تکنیکی بریفنگ نہ دیے جانے پر صحافیوں نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ پریس کانفرنس شروع ہوتے ہی فنانس بیٹ رپورٹرز اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیا ہے، جس پر ایف بی آر نے کوئی تکنیکی بریفنگ نہیں دی اور صحافیوں کی جانب سے اس حوالے سے احتجاج کے طور پر وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔صحافیوں کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بجٹ پر تکنیکی بریفنگ نہ دیے جانے کا مطلب ہے کہ ٹیکسوں کے حوالے سے حکومت نے حقائق چھپانے کی کوشش کی ہے۔وزیر خزانہ نے صحافیوں کی غیر موجودگی ہی میں پریس کانفرنس شروع کی۔بعد ازاں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے صحافیوں سے معذرت کی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایف بی آر کی ٹیکنیکل بریفنگ یقینی بنائی جائے گی۔ عطا تارڑ اور راشد لنگڑیال کے معافی مانگنے پر صحافیوں نے بائیکاٹ ختم کردیا۔

f

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں