ٹیکن چیمپیئن ارسلان نے گیمنگ کی دنیا میں پاکستان کا پر چم سر بلند کردیا

لاس ویگاس (کنزیومر واچ نیوز)پاکستان کے ٹیکن چیمپیئن ارسلان ایش نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرلی، لاس ویگاس میں چھٹا ایوو ٹائٹل اپنے نام کرلیالاس ویگاس – پاکستان کے مایہ ناز ٹیکن پلیئر ارسلان ایش نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا قائل کرلیا، جب انہوں نے پیر کے روز ایوو (Evolution Championship Series) 2025 کا ٹائٹل بغیر کوئی میچ ہارے جیت کر اپنی برتری ثابت کردی۔یہ ارسلان ایش کا چھٹا ایوو ٹائٹل ہے، جس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے کامیاب ترین فائٹنگ گیم پلیئرز میں شمار ہونے لگے ہیں۔ ان کی یہ جیت نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ گیمنگ کی عالمی دنیا میں بھی ایک نئی تاریخ رقم کر گئی ہے۔
ارسلان نے اپنے مخصوص انداز، بے مثال مہارت اور ٹھنڈے مزاج سے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ وہ فائٹنگ گیمز کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو پے در پے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پاکستان میں گیمنگ کمیونٹی نے ارسلان کی اس کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا اور سوشل میڈیا پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ارسلان ایش نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ وہ یہ جیت اپنے ملک اور مداحوں کے نام کرتے ہیں۔یہ جیت نہ صرف پاکستان میں ای اسپورٹس کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ محنت اور لگن سے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

Tools

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں