پشاور(کنزیومر واچ نیوز)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی، مختلف حادثات میں اب تک80 سے زائدافراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے اور رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 16 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹل کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔پولیس کا بتانا ہے کہ 9 افراد کی لاشیں پانی سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جاں بحق افراد میں 6 مرد، 2 خواتین اور ایک بچی شامل جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق علاقے میں کئی مکانات تباہ اور بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ادھر آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔
پختونخوا، سیلابی ریلوں سے تباہی،80 سے زائد افراد جاں بحق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
