پنجاب میں دریاؤں کی طغیانی، سیلابی صورتحال تشویشناک

لاہور (کنزیومر واچ نیوز) دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث مظفر گڑھ کے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد افراد کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔امدادی کارروائیاں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور میں جاری ہیں۔ ریسکیو کی 32 اور پولیس کی 8 کشتیاں آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ فوج، وائلڈ لائف اور پرائیویٹ کشتیاں بھی امدادی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔اوکاڑہ میں دریائے راوی اور ستلج کی طغیانی کے باعث انتظامیہ نے 32 دیہات کے اسکولوں کی تعطیلات 14 ستمبر تک بڑھا دی ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے اور سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر اونچے درجے جبکہ دریائے چناب کے خانکی ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے کیونکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں