پنجاب میں موسلا دھار بارش،13 جاں بحق،کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش

کراچی (کنزیومر واچ نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئےجبکہ کراچی میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش، رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش نے گرمی کی لہر سے کچھ راحت تو فراہم کی، تاہم شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہوئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں جن میں سے 39 کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 7 جانبر نہ ہو سکے۔ سب سے زیادہ حادثات اوکاڑہ میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 8 تھی، جبکہ ملتان میں 4، فیصل آباد، منڈی بہاالدین، جھنگ اور چنیوٹ میں 2، 2 اور لاہور، قصور، جہلم، ساہیوال، مری، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک، ایک واقعہ پیش آیا۔جہلم اور مظفرگڑھ میں 2،2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اوکاڑہ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک شخص جان سے گیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی بارش شروع ہوگئی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آج شہر میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کر رکھا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کورنگی، سرجانی، گلشن اقبال، ڈیفنس 8، صدر اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز گلشن حدید میں سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شارع فیصل پر 12 ملی میٹر، اولڈ سٹی ایریا میں 9 ملی میٹر، ڈیفنس فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 5 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں