کراچی: گڈاپ کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، 2 لاشیں نکال لی گئیں

کراچی(کنزیومر واچ نیوز) گڈاپ کی کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے جن میں سے 2 کی لاشیں مل گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق کونکر ندی میں حادثہ دو گاڑیوں کے ڈوبنے کی وجہ سے پیش آیا، 2 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ملیر کینٹ کے راستے سعدی ٹاؤن پہنچ گئے جہاں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لٹھ ڈیم اور تھڈو ڈیم کے اوورفلو سے پانی موٹروے سے ہوتا ہوا سعدی ٹاؤن آیا۔وزیراعلیٰ سندھ نےگاڑی سے اتر کر علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے لیے ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ واٹربورڈ، ریسکیو اور کنٹونمنٹ بورڈ کی گاڑیاں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں