14 اگست، پاکستان لیے ایک جوش و جذبے سے بھرا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور اپنے عظیم وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعاگو ہوتے ہیں۔ اور یہی وہ دن ہے جب دیار غیر میں بسنے والے اپنے ملک کو بہت یاد کرتے ہیں۔ اس سلسلےمیں، پاکستانی تنظیم PAACT (امریکی ایسوسی ایشن آف پاکستان) نے کنیکٹی کٹ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی یومِ آزادی کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں مقامی پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ تقریب نہ صرف قومی یکجہتی کا مظہر تھی بلکہ ثقافتی روایات، قومی ترانے اور پاکستان سے محبت کے جذبات سے بھی لبریز تھی۔
امریکا کے شہر کنیکٹی کٹ میں پاکستانی آرگنائزیشن امریکن ایسوسی ایشن آف کنیکٹی کٹ(PACCT) کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کا جھنڈا کنیکٹ ٹی کٹ کے دارالحکومت کی عمارت پر بلند کیا گیا۔ جسے دیکھ کر ایک سرور کی سی کیفیت طاری ہونا شاید فطری سے بات ہے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔ اس کے بعد PACCT کے صدر ظہیر شرف نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور تاریخ سے جوڑے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور PACCT کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔
تقریب کا سب سے جذباتی لمحہ پاکستان کے قومی ترانے کی صورت میں آیا، سب سے پہلے آمریکا کا قومی ترانہ کھرے ہوکر سنا گیا اور پھر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر ترانہ پاکستان سنا اور گایا۔ اس موقع پر پاکستانی پرچم کو بھی سلامی دی گئی، جس نے تمام حاضرین کے دلوں میں حب الوطنی کی لہر دوڑا دی۔ بچوں، جوانوں اور بزرگوں سب کی آنکھوں میں پاکستان کے لیے محبت اور فخر جھلک رہا تھا۔
تقریب میں لوٹیننٹ گورنر سوزن Lt. Governor) Suzen) نے آکر پاکستانی کمیونٹی کو بہت سراہا اور بے نظیر بھٹو کی وجہ سے پاکستان کو بے حد پسند کرنے کی وجہ بیان کی اور کئی معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے PACCT کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے دوران PACCT کی جانب سے گزشتہ دنوں کی جانے والی کمیونٹی پکنک میں PAACT کی کرکٹ ٹیم کو جیت کی ٹرافی دی گئی اور تمام ٹیم کو میڈل پہنائے گئے۔ اقر مزید ان افراد اور خاندانوں کو اعزازات سے نوازا جنہوں نے کمیونٹی کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
کنیکٹی کٹ میں رہنے والے بے شمار پاکستانیوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔ خواتین نے ہرے اور سفید رنگوں کے لباس پہنے، تو حضرات بھی پیچھے نہ رہے اور پاکستانی جھنڈے کی قمیض زیب تن کی۔ اور جس نے پاکستانی جھنڈے کے رنگ کا لباس نہیں پہنا اس نے پاکستان کا بیج لگائے رکھا۔
تقریب کا اختتام پاکستان کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی گئی۔ PACCT کے اراکین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔
آنے والے تمام احباب کو لنچ باکس تقسیم کیے گئے جس کے بعد سب لوگ عمارت سے باہر آگئے۔ کئی لوگوں نے واپسی کی راہ لی کیوں کہ چھٹی کا دن نہیں تھا۔ باہر آکر پاکستانی پرچم دارالحکومت کی عمارت پر سر بلند کیا گیا۔ اس دوران خواتین مل کر ملی نغمے گاتی رہیں اور ہاتھوں میں لیے پاکستان اور امریکہ کے جھنڈے لہراتی رہیں۔ مرد حضرات پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو میں مصروف رہے اور لوگوں سے ملنے ملانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
PACCTکی جانب سے منعقدہ یہ تقریب نہ صرف پاکستانی ثقافت اور روایات کی عکاس تھی، بلکہ اس نے کنیکٹی کٹ میں بسنے والے پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ یہ تقریب ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ پاکستانی جہاں بھی ہوں، اپنی ثقافت اور وطن سے محبت ان کے دلوں میں زندہ رہتی ہے۔ زندہ باد پاکستان
پاکستان زندہ باد!