کراچی (پ ر ) ذہنی معذور بچے بھی ملک و قوم کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ اُن کی تعلیم اور صحت کے لیے طویل مدتی بنیادوں پر اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔5کور کراچی نے معذور بچوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے جو اقدامات لیے وہ قابل ستائش اور قابل تقلید ہیں۔ اللہ پاک ان بچوں کو دیگر کئی خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ سعدیہ راشد نے کیا جو گزشتہ روز ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں کراچی گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) احمد فرخ ’ستارہ امتیاز۔ملٹری‘، میجرریٹائرڈ عبدالجبار اور ’کے جی ای ایس‘ کی ماتحت درس گاہ ’ اسپیشل ایجوکیشن اسکول‘ کی پرنسپل مس سبین سے معذور بچوں کے لیےمساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کررہی تھیں۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کہاکہ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے ساتھ اپنی شراکت داری اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ذہنی معذور بچے کی تعلیم اور فنی تربیت نہ صرف اُس کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ معاشرے کی اجتماعی بھلائی کا بھی ذریعہ ہے۔ تعلیم ان بچوںکو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتی ہے، جبکہ فنی تربیت اُن کے لیے روزگار کے دروازے کھولتی ہے تاکہ وہ دوسروں کا محتاج بننے کے بجائے خود کفیل ہو سکیں۔ ایسے بچوں کی فکری اور عملی تربیت اُنہیں معاشرتی دھارے میں شامل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، کیوں کہ جب یہ بچے کسی ہنر یا پیشے میں مہارت حاصل کر لیتے ہیں تو نہ صرف اپنا مقام بناتے ہیں بلکہ اپنی محنت اور قابلیت سے دوسروں کے لیے مثال بھی قائم کرتے ہیں۔
بریگیڈیئر (ر) احمد فرخ نے بتایا کہ کراچی گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے تحت ۲۰۱۹ء میں قائم ہونے والے اسپیشل ایجوکیشن اسکول‘ کا مقصد معذور بچوں کو علم سے آراستہ کرنا اور ہنرکی تربیت دے کر خود مختار بناناہے، جس کے لیے ان کی انفرادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی تعلیمی پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں اور اُنہیں فنی تربیت دی جاتی ہے۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی رفاہی اداروں کو معاونت نہ صرف معذور بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں معاون ہے بلکہ انہیں فنی تربیت اور عملی زندگی کے لیے تیار کرنے میں بھی اہم کردار اداکررہی ہے۔ ادارے کی یہ کاوش دراصل محترمہ سعدیہ راشد کی انسانیت نوازی اور قوم کی خدمت کے جذبے کا روشن مظہر ہے۔
معزز مہمانوں نے ملاقات کے دوران ہمدرد پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل ندیم اور ڈائریکٹرپروگرامز اینڈ سی ایس آر، ہمدرد فائونڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان کے ساتھ معذور بچوں کی تعلیم اور کفالت سے جڑے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر غور و خوض ہوا۔
5کورکراچی نے معذور بچوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے جو اقدامات کیےوہ قابل ستائش ہیں، سعدیہ راشد
