لندن(کنزیومر واچ ڈیسک ) امریکن ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی ارب پتی جیف بیزوس اور صحافی لورین سانچیز کی پْرتعیش اور مہنگی ترین شادی کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز اٹلی میں ہوچکا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹر ز کی ایک رپورٹ میں اس پرتعیش اور مہنگی ترین شادی سے متعلق کئی معلومات منظر عام پر لائی گئی ہیں۔
شادی کا مقام
رپورٹس کے مطابق جیف اور لورین کی شادی کی تقریب اٹلی کے شہر وینس ہوگی لیکن تاحال شادی کی تاریخ اور شادی کی تقریب کا مقام خفیہ رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جیف اور لورین ان تقریبات سے قبل ہی امریکا میں ایک انتہائی نجی تقریب میں رشتہ ازدواج بندھ چکے ہیں جب کہ یہ ان کی شادی کی دوسری سیلیبریشن ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریب وینس کے تاریخی مقام آرسنل میں مشہور سینٹ مارکس اسکوائر کے سامنے ، 99 میٹر اونچے بیل ٹاور کے ساتھ ہفتے کے روز منعقد کی جائے گی۔اس تقریب میں ہالی وڈ اسٹارز ، دنیا کی مشہور اور مقبول 200 سے 250 شخصیات بھی شرکت کریں گے۔
شادی کا بجٹ
رپورٹس میں اس شادی کے بجٹ کا تخمینہ 56 ملین ڈالر یعنی 15 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس شادی کو دنیا کی اور صدی کی مہنگی ترین شادی میں شمار کیا جارہا ہے۔
مہمانوں کی آمد کا انتظام
رائٹرز کے مطابق منتظمین کی جانب سے مہمانوں کے استقبال کیلئے وینس کی مختلف کمپنیوں سے کم از کم 30 واٹر ٹیکسیاں بک کروائی گئی ہیں۔اس کے علاوہ 90 پرائیوٹ جیٹس کے ذریعے خاص مہمانوں کو وینس لایا جائے گا جب کہ شرکت کے لیے صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دنیا بھر سے ا?نے والے وی وی ا?ئی پی مہمانوں کی ا?مد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ شادی میں شرکت کرنیوالے 250 متوقع مہمانوں کو وینس شہر کے 5 پرتعیش ہوٹلز میں ٹھہرایا جائے گا۔
شادی کی خاص ڈش
سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق صدی کی سب سے مقبول شادی کیلئے اٹلی کے مقامی دکانداروں کو وینیشین روایت کا ذائقہ شادی میں شامل کرنے کیلئے بک کیا گیا ہے، ان دکانداروں کو اس شادی کیلئے اٹلی کی ’ معروف روزا سلوا پیسٹری ‘ کے 200 سے زائد گڈی بیگز تیار کرنے کا آرڈر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 61 سالہ جیف بیزوس نے اپنی گرل فرینڈ 55 سالہ امریکی صحافی و اینکر لورین وینڈی سانچیز سے 2023 میں منگنی کی تھی۔
ایمازون کے بانی اور امریکی صحافی نے جنوری 2019 میں اپنے تعلقات کی تصدیق اس وقت کی تھی جب بیزوس نے اپنی بیوی میکنزی اسکاٹ سے طلاق کا اعلان کیا تھا، بیزوس اور میکنزی کی شادی 26 سال رہی اور ان کے 4 بچے ہیں۔اسی طرح لورین سانچیز کی بھی 4 سال قبل شوہر پیٹرک وائٹسیل سے طلاق ہوگئی تھی، 13 سال کی شادی میں ان کے 2 بچے ہیں۔
شادی کی تقریبات کے خلاف احتجاج
شادی کی تقریبات کے خلاف احتجاج کرنے والے نو سپیس فور بیزوس نامی گروپ سے منسلک ایک شخص کہتے ہیں کہ ’ہمیں اس پر فخر ہے۔ ہم کچھ بھی نہیں اور نہ ہمارے پاس پیسہ ہے۔‘’ہم صرف عام شہری ہیں جنھوں نے احتجاج منعقد کیا اور دنیا کے طاقتور لوگوں (ارب پتی افراد) کو شہر سے باہر بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔‘تاہم شہری انتظامیہ کے حکام کی جانب سے احتجاجی مظاہرین پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مال دار مہمان وینس کے لیے کمائی کا بڑا ذریعہ ہیں۔سٹی کونسل میں اکنامک ڈویلپمنٹ کونسلر سیمون وینچرونی کہتے ہیں کہ ’یہ احتجاجی مظاہرین ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے یہ وینس کے مالک ہوں۔‘’کسی کو یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ کس کی یہاں شادی ہو گی اور کس کی نہیں۔‘
اس شادی کی تقریبات کے خلاف متعدد گروپس احتجاج کر رہے ہیں۔ ان میں وہ گروپس بھی شامل ہیں جو وینس میں سیاحت کی زیادتی، ماحولیاتی آلودگی اور جیف بیزوس کی ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے حمایت کے خلاف ہیں۔وینس میں سماجی اور سیاسی کارکنان جیف بیزوس کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اور انھیں شادی کی تقریبات کے سبب شہر کے حصوں کے بند ہونے پر اعتراض ہے۔کچھ مقامی افراد شادی کی تقریبات کو وینس کے ساتھ سیاحت کی زیادتی کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ وینس کی آبادی اس وقت کْل آبادی 49 ہزار ہے جو کہ سنہ 1950 تک 1 لاکھ 75 ہزار تھی۔ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کام کرنے والے گروپ گرین پیس جیف بیزوس کو ’مراعات اور آلودگی‘ کی علامت سمجھتے ہیں جو کہ ’امیر اور عام لوگوں کے درمیان عدم توازن کو بڑھا رہے ہیں۔‘پیر کو گرین پیس کے کارکنان اور ایوری ون ہیٹس ایلون نامی گروپ نے جیف بیزوس کی ایک بڑی سی تصویر کے ساتھ احتجاج کیا تھا اور احتجاجی مظاہرین امیر افراد کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے نظر آَئے تھے: ’اگر آپ شادی کے لیے وینس کرایے پر لے سکتے ہیں تو مزید ٹیکس بھی دے سکتے ہیں۔‘
مکنزی ا سکاٹ
بیزوس اور ان کی پہلی اہلیہ کی طلاق کی صورت میں 35 ارب ڈالر کی سب سے بڑی سیٹلمنٹ سامنے آئی تھی۔ مکنزی ا سکاٹ ایمازون میں چار فیصد حصص کی مالک ہیں۔
شادی میں کون کون شرکت کر رہا ہے؟
اس شادی میں 200 افراد کو مدعو کیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ لوگ بشمول فیشن ڈیزائنر ڈان وون فورستنبرگ، ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر وینس پہنچ بھی چکے ہیں۔رواں برس لورین سانشیز کی بیچلریٹ پارٹی میں کم کارڈیشین، کرس جینر، کیٹی پیری، ایوا لنگوریا اور نتاشہ پوناوالا سمیت متعدد مشہور شخصیات نے شرکت کی تھی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ شخصیات وینس میں شادی کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گی۔افواہیں یہ بھی گردش کر رہی ہیں کہ مشہور ٹی وی پریزینٹر اوپرا ونفرے، گلوکار مِک جیگر اور اداکار لیونارڈو ڈیکیپریو بھی اس شادی میں شرکت کرنے کے لیے اٹلی پہنچیں گے۔وینس کے ایئرپورٹ پر پرائیویٹ جیٹ طیاروں کی آمد متوقع ہے جبکہ پرائیویٹ بحری جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوں گے۔پانچ ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ سابق امریکی میرینز سکیورٹی فراہم کریں گے جیف بیزوس کی شادی وینس میں ہونے والی پہلی پر تعیش شادی نہیں۔سنہ 2014 میں اداکار جارج کلونی کی انسانی حقوق کی وکیل امل علماؤ الدین سے شادی بھی یہاں ہی ہوئی تھی تاہم بیزوس کی شادی کے برعکس اس وقت جارج کلونی کی تقریب کے خلاف کوئی ہنگامہ نہیں ہوا تھا۔