ایف بی آر نے برآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی نئی شرحیں جاری کر دیں

اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2025-26 کے لیے برآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں کا اعلان کر دیا۔ یہ شرحیں فنانس ایکٹ 2025 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں کی گئی حالیہ ترامیم کے تحت مقرر کی گئی ہیں۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ودہولڈنگ ٹیکس کارڈ کے مطابق، ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل ٹیکس دہندگان کے لیے برآمدات پر انکم ٹیکس کی شرح 1 فیصد ہوگی، جبکہ ATL میں شامل نہ ہونے والے افراد و کاروبار پر یہ شرح بڑھا کر 2 فیصد کر دی گئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق یہ کٹوتیاں انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 154 کے تحت کی جائیں گی۔ اس قانون کے تحت:مجاز فارن ایکسچینج ڈیلر برآمدی زرمبادلہ کی وصولی پر ٹیکس منہا کرے گا۔بینکنگ کمپنیاں بیک ٹو بیک لیٹر آف کریڈٹ یا دیگر انتظامات کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم پر ٹیکس کاٹیں گی۔ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی (EPZA) بھی برآمدی یونٹس کی مد میں ٹیکس کٹوتی کی ذمہ دار ہوگی۔مزید برآں، ایکسپورٹ ہاؤسز جو ڈیوٹی اینڈ ٹیکس ریمیشن فار ایکسپورٹس رولز 2001 یا ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم 2021 کے تحت رجسٹرڈ ہیں، وہ ان ڈائریکٹ ایکسپورٹرز کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس منہا کریں گے۔ اسی طرح کسٹمز حکام برآمدی مال کی کلیئرنس کے وقت ٹیکس وصول کریں گے۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکشن 154 کے تحت کٹوتی کیا گیا ٹیکس برآمدی آمدن پر کم از کم ٹیکس تصور ہوگا، جسے بعد میں ایڈجسٹ یا ریفنڈ نہیں کرایا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں