لاہور (کنزیومر واچ نیوز)صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے دیوان گروپ کے سی ای او وسیم الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ دیوان گروپ نے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زون میں الیکٹرک وہیکلز کا اسیمبلنگ پلانٹ لگانے کا عندیہ دے دیا۔اس موقع پر سی ای او دیوان گروپ وسیم الحق نے کہاکہ ہمارا گروپ کراچی میں مختلف قسم کی گاڑیاں تیار کر رہا ہے۔ پنجاب میں بھی اپنا صنعتی یونٹ لگانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فوکس صوبے میں ای وی سیکٹر کا فروغ ہے۔صنعتی یونٹ لگانے کیلئے سپیشل اکنامک زون میں قابل توسیع 30 سال کی لیز پر اراضی حاصل کی جاسکتی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ دیوان گروپ پنجاب میں وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے۔چاہتے ہیں کہ پنجاب میں ای وی چارجنگ کے اسیمبلنگ پلانٹ بھی لگیں۔ صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے دیوان گروپ کی تیار کردہ گاڑیوں کا مشاہدہ کیا،گاڑی خود ڈرائیو کرکے جائزہ لیا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد میں دیوان گروپ کے ڈائریکٹر،سیلز مینجر،سروس مینجر اور گروپ کے دیگر حکام بھی شامل تھے۔
دیوان گروپ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
