بسکٹ میں سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟ حیران کن وجہ جانیے

کراچی (کنزیومرواچ نیوز)بچوں کے ساتھ ساتھ بسکٹ کھانا بڑے بھی پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بسکٹ کہیں ناشتے تو کہیں شام کی چائے کا حصہ ہوتے ہیں۔لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا کہ مختلف ذائقوں کے ساتھ بنائے جانے والے ان بسکٹس پر چھوٹے چھوٹے سوراخ کیوں ہوتے ہیں؟ بالخصوص کریم والے اور ڈبے والے بسکٹ میں؟ زیادہ تر لوگ بسکٹ پر موجود ان سوراخوں کو سجاوٹ کا حصہ سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں لیکن درحقیقت یہی سوراخ بسکٹ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بسکٹ پر موجود سوراخوں کو ’ ڈوکر ہولز‘ کہا جاتا ہے، بسکٹ پر یہ سوراخ خاص طور پر اس لیے رکھے جاتے ہیں تاکہ بیکنگ کے دوران درجہ حرارت زیادہ ہونے کی صورت گرم بھاپ ان سوراخوں کے ذریعے باہر نکل جائے۔بیکنگ کے دوران اگر یہ گرم بھاپ بسکٹ سے باہر نہ نکالی جائے تو بسکٹ ٹوٹنے یا ان میں دراڑ پڑجانے کا خدشہ ہوتا ہے ۔
بیکنگ کے عمل کے دوران بھاپ کے باہر نکلنے اور درجہ حرارت کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ان سوراخوں کے سائز اور پوزیشن کی محتاط انداز سے درجہ بندی کی جاتی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان سوراخوں کی پوزیشننگ اور سائز آٹے کی ساخت پر منحصر ہوتی ہے۔ نرم آٹے کے لیے سانچوں کا استعمال کرتے ہوئے جب کہ سخت آٹے کے لیے خصوصی ’ڈوکرنگ رولرز‘ کا استعمال کرتے ہوئے سوراخ بنائے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں